ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کا شاہ لطیف یونیورسٹی گھوٹکی کا دورہ

ڈہرکی(رپورٹ:وجے کمار چاولہ/جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی شاہ لطیف یونیورسٹی گھوٹکی کیمپس پہنچے،جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ خبر کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی گھوٹکی کیمپس کا دورہ کیا، اس موقع پر پرو وائس چانسلر مقصود شاہ نے ڈپٹی کمشنر کو کیمپس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام سے ہزاروں نوجوان مستفید ہو رہے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے آئی بی اے کیمپس کی منظوری بھی دی گئی ہے، جس سے یہاں تعلیمی معیار مزید بہتر ہوگا اور بالخصوص ان نوجوانوں کو بھرپور فائدہ پہنچے گا جو خیرپور، سکھر یا دیگر اضلاع میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے نہیں جا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ کا شاہ لطیف یونیورسٹی کے ساتھ مکمل تعاون رہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں، اس سلسلے میں شاہ لطیف کیمپس کا کردار نہایت اہم ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل اسپتال گھوٹکی کا دورہ کیا، مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ ڈاکٹروں اور عملے کو پابند کیا جائے کہ وہ بروقت اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی نوید احمد اور مختیارکار گھوٹکی شاہد حسین بھی موجود تھے۔ بعد ازیں ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او آفس میرپور ماتھیلو کا دورہ کیا، جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ انجینئرز کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button