جوئے کی ایپ تشہیر کیس: یوٹیوبر ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزمان 26 جنوری کو فردِ جرم کیلئے طلب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور کی مقامی عدالت نے جوئے کی ایپ کی تشہیرکے مقدمے میں یوٹیوبر ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم کی کاروائی کیلئے 26 جنوری کو طلب کرلیا ۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی ، دوران سماعت ملزمان سبحان شریف ، اور اسد ندیم نے اپنی حاضری مکمل کروائی ۔ سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی ۔ عدالت نے چھبیس جنوری کو ڈکی بھائی سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم کی کاروائی کیلئے طلب کرلیا ۔
ڈکی بھائی کی وکیل بیرسٹر امرت نے عدالت میں درخواست دی کہ سعدالرحمان بیمارہے حاضری معافی کی درخواست منظورکی جائے، عدالت نے سعد الرحمان کی ایک دن کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی ۔ عدالت نے سماعت چھبیس جنوری تک ملتوی کردی ۔ این سی سی آئی اے نےسعدالرحمان سمیت دیگرملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔



