ڈاکٹر وردہ قتل کیس: پولیس افسران، ڈاکٹروں اور اہل خانہ کے بیانات ریکارڈ، قانونی کارروائی جلد متوقع

ایبٹ آباد (جانوڈاٹ پی کے)ایبٹ آباد میں ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) اب تک 200 سے زائد افراد کے بیانات قلمبند کر چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ڈی ایچ کیو اسپتال کے ڈاکٹروں اور ڈاکٹر وردہ کے اہلِ خانہ کے بیانات بھی ریکارڈ کر لیے ہیں۔

تحقیقات کے دوران جے آئی ٹی نے اس مقام کا بھی دورہ کیا جہاں ڈاکٹر وردہ کی لاش چھپائی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کل مزید افراد کے بیانات قلمبند کرے گی، جو تحقیقات کا آخری مرحلہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ جے آئی ٹی کو رپورٹ کل چیف سیکریٹری کو پیش کرنی تھی تاہم جے آئی ٹی کے چیئرمین مزید وقت کی درخواست کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی حتمی رپورٹ مرتب کرکے آئندہ ہفتے صوبائی حکومت کو پیش کرے گی۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button