ماتلی:ضعیف باپ کا پولیس سے نشئی بیٹے کی گرفتاری اور تحفظ کا مطالبہ

ماتلی (رپورٹ ایم آر گدی/جانوڈاٹ پی کے) پارابی محلہ ماتلی کا ضعیف العمر باپ، الہبچایو جتوئی، اپنے نشے کے عادی بیٹے رمضان جتوئی اور پوتے فرحان جتوئی کی لت سے تنگ آ کر اپنی داستان سنانے ماتلی پریس کلب پہنچ گیا۔ غمزدہ باپ نے میڈیا کے سامنے بتایا کہ اس کا بیٹا پہلے چرس اور شراب کا نشہ کرتا تھا مگر اب وہ آئس کے نشے کا عادی ہو گیا ہے اور نشے کے لیے گھر کا سامان زبردستی لے جا کر فروخت کر دیتا ہے۔ الہبچایو جتوئی کا کہنا تھا کہ پیسے نہ ملنے پر رمضان جتوئی خود اس پر، اپنی ماں اور بہن بھائیوں پر بھی تشدد کرتا ہے اور گھر میں خوف کا ماحول پیدا کر دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب ان کا پوتا فرحان بھی بگڑ گیا ہے اور آئس کے نشے کی لت نے نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ الہبچایو جتوئی نے ماتلی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ میرے بیٹے کو گرفتار کریں اور ہمیں اس کے ظلم و ستم سے بچائیں تاکہ خاندان اور نوجوان نسل کو آئندہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔ سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئس اور دیگر نشہ آور ادویات نوجوان نسل کی زندگی کو برباد کر رہی ہیں اور فوری کارروائی نہ کی گئی تو معاشرتی تباہی اور بڑھ سکتی ہے۔ مقامی صحافیوں اور پریس کلب کے حکام نے بھی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ نسل کی زندگی محفوظ ہو۔



