بدین پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن، 568 لٹر دیسی شراب اور ہزاروں گٹکہ ساشے برآمد، 7 ملزمان گرفتار

ماتلی (محمد راحیم گدی/جانا ڈاٹ کام کی کے)ضلع بدین میں پولیس نے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں 568 لٹر دیسی شراب، 2770 سفینہ گٹکہ ساشے اور 32700 روپے نقد رقم برآمد کرلی جبکہ اے پلس کیٹیگری کے 5 خطرناک منشیات فروشوں سمیت مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کی مربوط حکمت عملی کے تحت مختلف تھانوں کی حدود میں بیک وقت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ راجو خانانی پولیس نے خفیہ اطلاع پر دیسی شراب کی بٹھی پر کامیاب چھاپہ مار کر بڑی مقدار میں شراب اور نقدی برآمد کی اور اے پلس کیٹیگری کے منشیات فروش سلطان خاصخیلی، منٹھار خاصخیلی، نفیس خاصخیلی اور حاجی خاصخیلی کو گرفتار کرلیا، گرفتار مرکزی ملزم سلطان خاصخیلی کا طویل کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے جس کے خلاف 1991، 2004، 2016، 2023 اور 2026 میں مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ ادھر تھانہ بدین پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اے پلس کیٹیگری کے گٹکہ فروش ابو عرف اللہ ڈنو ملاح کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2000 دیسی گٹکے برآمد کیے، جبکہ تھانہ کڈھن پولیس نے ملزم رجب علی نوتیار سے 550 سفینہ گٹکہ ساشے اور تھانہ نندو پولیس نے غلام مصطفیٰ عرف مستی ملاح سے 220 دیسی گٹکے برآمد کر کے انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔#



