سرگودھا:ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے شہریوں کی لمبی قطاریں، سسٹم کی خرابی سے شدید رش

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے) پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل اور گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے دفاتر کا رخ کرنے لگی۔ مختلف مراکز پر صبح سویرے ہی شہریوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث شدید رش دیکھنے میں آیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کارروائی سے بچنے کے لیے وہ لائسنس بنوانے پہنچے ہیں مگر سسٹم بار بار فیل ہونے کی وجہ سے گھنٹوں انتظار کے باوجود ان کا کام نہ ہو سکا، جس سے لوگوں میں شدید پریشانی اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ کئی شہریوں نے شکایت کی کہ وہ صبح سے لائنوں میں کھڑے ہیں مگر باری نہیں آ رہی۔

دوسری جانب لائسنس برانچ کے عملے کا کہنا ہے کہ رش غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے اور سسٹم کی خرابی کی وجہ سے کام کی رفتار متاثر ہو رہی ہے تاہم مسئلہ حل کرنے کی کوشش جاری ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سسٹم کو بہتر بنایا جائے، اضافی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں اور عملہ بڑھایا جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری اذیت سے بچایا جا سکے

مزید خبریں

Back to top button