ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر منی لانڈرنگ کے الزامات،ایف آئی اے نے 2مقدمات درج کرلئے
فضیلہ عباسی کے22بینک اکاؤنٹس میں25ارب روپے کے ٹرن اوور کا انکشاف

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)اداکارحمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کیخلاف منی لانڈرنگ کے الزامات سامنے آنے پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق پہلا مقدمہ کمرشل بینکنگ سرکل میں منی لانڈرنگ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، جبکہ دوسرا مقدمہ اینٹی کرپشن ونگ میں قائم کیا گیا ہے۔تحقیقات کے مطابق ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر بغیر رجسٹریشن غیر قانونی طور پر کلینک چلانے کا بھی الزام ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی اور مشکوک ٹرانزیکشنز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے بظاہر شواہد موجود ہیں۔ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ فضیلہ عباسی کے 22 بینک اکاؤنٹس میں تقریباً 25 ارب روپے کا ٹرن اوور سامنے آیا ہے، جبکہ ان کی ظاہر کردہ سالانہ آمدن 4 سے 6 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔مقدمے کے مطابق ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر غیر قانونی طور پر رقوم امریکا اور دبئی منتقل کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔



