میرپورخاص: ڈاکٹر کریم شیخ کی مبینہ خودکشی پر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا اظہار افسوس

میرپورخاص (شاھدمیمن) ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میرپورخاص نے مٹھی سول اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کریم شیخ کی مبینہ خودکشی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شوکت علی راہموں اور جنرل سیکریٹری کانجی مل میگھواڑ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر کریم شیخ جیسے باصلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ڈاکٹر کی المناک موت نہ صرف طبی برادری بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلع تھرپارکر میں حالیہ عرصے کے دوران خودکشی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اطلاعات کے مطابق ایک ہی سال میں تقریباً 200 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں بار ایسوسی ایشن کے مطابق اگرچہ ان واقعات کو اکثر غربت، قحط اور معاشی مشکلات سے جوڑا جاتا ہے، تاہم ڈاکٹر کریم شیخ جیسے اعلیٰ سرکاری عہدیدار کی موت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پیشہ ور افراد کو بھی مختلف دباؤ، کردار کشی اور بلیک میلنگ جیسے مسائل کا سامنا ہے جو انہیں شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر رہے ہیں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اس واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کسی حاضر سروس جج کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی عدالتی انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا ہے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محض محکمانہ تحقیقات کافی نہیں ہوں گی بلکہ ایک آزاد اور شفاف عدالتی عمل کے ذریعے ہی حقیقت سامنے لائی جا سکتی ہے بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ مرحوم کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔



