تمام ممالک پر 10 فیصد گلوبل ٹیرف عائد، ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے) امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے ٹیرف بڑھانے کے اقدامات کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد صدر ٹرمپ نے تمام ممالک پر 10 فیصد گلوبل ٹیرف عائد کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے، امریکی عدالت نے ٹرمپ کے ٹیرف اقدامات کالعدم قرار دیے تھے۔
اس حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ 10 فیصد گلوبل ٹیرف پر دستخط کر دیے ہیں، تمام ممالک پر نیا ٹیرف فوری طور پر نافذ ہوگا، تمام معاہدے برقرار ہیں، صرف طریقہ کار مختلف ہوگا۔
امریکی صدر نے عدالتی فیصلےکو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ ججز ملک لوٹنے والے ڈیموکریٹس کی گود میں بیٹھے ہیں، عدالت غیر ملکی مفادات کے زیر اثر آگئی ہے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ عدالت کا ٹیرف سے متعلق فیصلہ لاقانونیت ہے، فیصلہ صاف اور سادہ الفاظ میں قانون شکنی ہے۔



