گرین لینڈ پر قبضے کی مخالفت پر ٹرمپ کی ٹیرف لگانے کی دھمکی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ پر امریکا کے مجوزہ قبضے کی مخالفت کرنے والے ممالک پر تجارتی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جو ممالک ان کے گرین لینڈ کو امریکا میں ضم کرنے کے منصوبے کی مخالفت کریں گے، انہیں درآمدی ٹیکسوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن ممالک پر یہ ٹیرف عائد کیے جائیں گے اور نہ ہی یہ بتایا کہ ان اقدامات کے لیے کون سے قانونی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گرین لینڈ ڈنمارک کا نیم خودمختار علاقہ ہے، جہاں اپنی مقامی حکومت قائم ہے۔ ڈنمارک اور گرین لینڈ کی قیادت کے علاوہ کئی دیگر ممالک بھی صدر ٹرمپ کے اس منصوبے کی کھل کر مخالفت کر چکے ہیں۔
امریکا کے اندر بھی متعدد حلقوں میں اس بات پر شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں کہ آیا صدر ٹرمپ عملی طور پر گرین لینڈ کو ضم کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے یا نہیں۔
گرین لینڈ اگرچہ آبادی کے لحاظ سے کمزور علاقہ ہے، تاہم قدرتی وسائل سے مالا مال اور اسٹریٹجک طور پر نہایت اہم مقام رکھتا ہے۔ یہ خطہ شمالی امریکا اور آرکٹک کے درمیان واقع ہے اور میزائل حملوں کی صورت میں ابتدائی انتباہی نظام اور بحری نگرانی کے لیے انتہائی موزوں سمجھا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا کے 100 سے زائد فوجی اہلکار پہلے ہی گرین لینڈ کے شمال مغربی حصے میں واقع پٹوفک فوجی اڈے پر مستقل طور پر تعینات ہیں، جو دوسری جنگ عظیم کے بعد سے امریکی کنٹرول میں ہے اور میزائل مانیٹرنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔



