ایران نے جوہری معاہدے پر مذاکرات کیلئے رابطہ کیا،صدر ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جوہری معاہدے پر بات چیت کے لیے رابطہ کیا ہے اور مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق ایران سے ملاقات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں اور امریکا ان سے بات کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکی صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف طاقتور آپشنز پر غور جاری ہے، جن میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کی ریڈ لائن عبور کر رہا ہے اور اس معاملے کو امریکی فوج مانیٹر کر رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا گرین لینڈ کو حاصل کرنے کے حوالے سے بات کر رہا ہے جبکہ وینزویلا کی قیادت کے ساتھ بھی معاملات مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منگل یا بدھ کو وینزویلا کی رہنما ماریا کورینا سے ملاقات متوقع ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران میں انٹرنیٹ بحال کرانے کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں ایلون مسک سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے ایران میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے حوالے سے مختلف آپشنز زیر غور ہونے کی بھی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے بیان دیا تھا کہ امریکا ایران کے عوام کی مدد کے لیے تیار ہے اور ایران پہلے سے کہیں زیادہ آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ایران میں عوام کے خلاف قتل عام ہوا تو امریکا مداخلت کر سکتا ہے، تاہم اس کا مطلب فوج اتارنا نہیں ہوگا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کے کئی شہروں میں صورتحال بے قابو دکھائی دے رہی ہے اور عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔ امریکی جریدے کے مطابق مہنگائی کے خلاف احتجاج کے دوران مختلف شہروں میں شدید توڑ پھوڑ ہوئی، مساجد اور اسپتالوں کو نقصان پہنچا جبکہ 217 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button