امریکا کے بغیر نیٹو غیر مؤثر، روس اور چین صرف مضبوط امریکا سے خوفزدہ ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر امریکا نیٹو کا حصہ نہ ہوتا تو روس اور چین کو اس اتحاد سے کوئی خوف نہ ہوتا۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے بغیر نیٹو ایک غیر مؤثر اتحاد ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس اور چین صرف ایک مضبوط اور ازسرِنو تعمیر شدہ امریکا کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ وہ آٹھ جنگیں ختم کروا چکے ہیں جس کے نتیجے میں لاکھوں جانیں بچیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ نیٹو کے بیشتر رکن ممالک ان کی آمد سے قبل دفاعی اخراجات کی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے تھے، تاہم انہوں نے اتحادی ممالک کو دفاعی بجٹ پانچ فیصد جی ڈی پی تک بڑھانے پر مجبور کیا اور اب ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ انہیں شک ہے کہ مشکل وقت میں نیٹو امریکا کے لیے کھڑا ہوگا یا نہیں، لیکن وہ ہمیشہ نیٹو کے ساتھ رہیں گے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اگر وہ مداخلت نہ کرتے تو روس اس وقت پورے یوکرین پر قابض ہو چکا ہوتا۔



