فوج کو دوبارہ وینزویلا بھیجنے کیلئے کسی قانون سازی کی ضرورت نہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوج کو دوبارہ وینزویلا بھیجنے کیلئے کسی نئی قانون سازی کی ضرورت نہیں، تاہم امریکا وینزویلا کے ساتھ حالتِ جنگ میں نہیں ہے۔

این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ وینزویلا میں آئندہ 30 دن کے دوران نئے انتخابات نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی اصل جنگ وینزویلا کے ساتھ نہیں بلکہ منشیات اور منشیات کے عادی افراد کے خلاف ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ ملک کے توانائی کے شعبے کی بحالی کے لیے تیل کمپنیوں کی معاونت حاصل کر سکتی ہیں۔

امریکی صدر کے مطابق وینزویلا کے انرجی سیکٹر کی بحالی کا عمل 18 ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل ہو سکتا ہے، جو خطے میں معاشی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

ٹرمپ کے ان بیانات کو وینزویلا کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال اور امریکا کے مستقبل کے لائحہ عمل کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button