ڈالر کی قدر میں کمی: انٹربینک مارکیٹ میں روپیہ مضبوط، اوپن مارکیٹ مستحکم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)مختلف عوامل کے باعث انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مزید سستا ہوگیا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی۔
آئی ایم ایف سے ایک ارب 30کروڑ ڈالر کی فنانسنگ منظور ہونے، عالمی بانڈز مارکیٹ میں پاکستان کو مزید کامیابی ملنے کی توقعات اور نومبر میں 3.2ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی آمد کے ساتھ سالانہ بنیادوں پر ترسیلات 9.4فیصد بڑھنے جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو 55ویں دن بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
غیرملکی کمپنیوں کی پاکستان کے مختلف شعبوں میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دلچسپی اور ملکی زرمبادلہ کے بڑھتے ہوئے ذخائر کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 24پیسے کی کمی سے 280روپے 17پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
تاہم معیشت میں زرمبادلہ کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر ایک پیسے کی کمی سے 280روپے 40پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281روپے 45پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔



