سندھ میں سال 2025 کے دوران آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 22 افراد ہلاک اور 29ہزار زخمی ہوئے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سال 2025 کے دوران سندھ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں 22 شہری ہلاک جبکہ 29 ہزار سے زائد افراد کے زخمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ تفصیلات آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے اور ریبیز کنٹرول پروگرام کے تحت ویکسین کی عدم دستیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار طارق منصور ایڈووکیٹ نے سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کو آگاہ کرتےہوئے بتائیں۔

عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے چار ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔ سماعت کے دوران طارق منصور ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے سال 2024 میں آوارہ کتوں کے خلاف مؤثر کارروائی اور ریبیز کنٹرول پروگرام شروع کرنے کے واضح احکامات جاری کیے تھے، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود سندھ حکومت نے تاحال اس پروگرام پر عملدرآمد نہیں کیا۔

درخواست گزار نے مزید بتایا کہ کے ایم سی کی ہیلپ لائن 1093 بھی غیر فعال ہو چکی ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا جا رہا؟ اس پر سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ویکسین دستیاب ہیں جبکہ باقی تفصیلات ڈی جی کی رپورٹ کے ذریعے عدالت میں جمع کرا دی جائیں گی۔

طارق منصور ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور صوبے میں ہزاروں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

سماعت کے دوران جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیے کہ فریقین کے جوابات آنے کے بعد تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر مناسب حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کو فوری سنا جائے کیونکہ معاملہ براہِ راست عوامی جان و مال سے جڑا ہوا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button