میرپورخاص: ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر پر تشدد، ڈاکٹرز کا احتجاج، ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

میرپورخاص (شاھدمیمن)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول اسپتال میرپورخاص میں گزشتہ رات ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر پر نامعلوم افراد کی جانب سے تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا متاثرہ ڈاکٹر کامران کے مطابق وہ رات کے وقت بچوں کے وارڈ میں ڈیوٹی پر موجود تھے کہ ایک ڈائریا کے مریض کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا تاہم کچھ دیر بعد مریض کے ساتھ چار افراد دوبارہ آئے اور انہیں گھسیٹتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا، گالیاں دیں اور کپڑے بھی پھاڑ دیے ڈاکٹر کامران کے مطابق واقعے کے وقت موجود پولیس اہلکاروں نے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی اور نہ ہی صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی، واقعے کے بعد حملہ آور با آسانی فرار ہو گئے، جس پر ڈاکٹر برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اس واقعے کے خلاف اسپتال انتظامیہ، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے احتجاج کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اگر پولیس بروقت اور مؤثر کارروائی کرتی تو واقعہ اس حد تک نہ بڑھتا انہوں نے بتایا کہ متاثرہ ڈاکٹر شدید جسمانی اور ذہنی دباؤ کے باوجود اپنی ڈیوٹی پر موجود رہے تاکہ مریضوں کی دیکھ بھال متاثر نہ ہو احتجاج کی قیادت سول سرجن پیر غلام نبی شاہ جیلانی نے کی جبکہ ڈاکٹر ماجد پٹھان، ڈاکٹر لیکھراج راٹھور سمیت دیگر ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی اس موقع پر ڈاکٹروں نے کہا کہ اسپتال میں سیکیورٹی کے ناکافی انتظامات کے باعث ایسے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں سول سرجن پیر غلام نبی شاہ جیلانی نے کہا کہ اسپتال میں ایمرجنسی سروسز بدستور فعال ہیں اور مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم ڈاکٹروں کی سیکیورٹی ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں اسپتال میں پولیس کی مناسب نفری موجود ہوتی تھی، لیکن حالیہ عرصے میں سیکیورٹی میں کمی کے باعث ایسے واقعات پیش آ رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال انتظامیہ نے واقعے کے حوالے سے ایس ایس پی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے باقاعدہ خط بھی ارسال کیا جا چکا ہے ڈکٹروں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے اور اپنی خدمات محدود کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، جس سے صحت کے نظام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے آخر میں ڈاکٹر برادری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور طبی عملے کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ ڈاکٹر دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور ان کے ساتھ بدسلوکی پورے نظامِ صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button