ایران میں مداخلت تیسری عالمی جنگ کا سبب بن سکتی ہے، روس

ماسکو (ویب ڈیسک) روس کی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ اور سابق صدر دیمتری میدودیف نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں حکومت بدلنے کی کوشش ترک نہ کی تو اس سے یقینی طور پر تیسری عالمی جنگ شروع ہو سکتی ہے۔
انٹرویو میں میدودیف نے کہا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے حملے برداشت کر لے گا، لیکن اس حملے نے ایرانی قوم کو متحد کر دیا ہے اور ایران دگنی توانائی کے ساتھ نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
سابق روسی صدر نے مزید کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی یہ جنگ اپنے شہریوں کو بھی زیادہ خطرے میں ڈال رہی ہے اور یہ عالمی غلبے کے لیے جاری ہے۔
میڈودیف نے یورپی رہنماؤں کو “انتہائی احمق” قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا جانتا ہے کہ روس سے نیوکلیئر تنازع کی قیمت کیا ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نیوکلیئر تنازع ہوا تو ہیروشیما اور ناگاساکی پر بمباری “بچوں کے کھیل” لگے گی۔
سابق صدر کے بیان کے بعد عالمی سطح پر ایران، امریکا اور روس کے تعلقات پر تشویش بڑھ گئی ہے اور سفارتی محاذ پر ممکنہ سرگرمیوں پر نگاہیں مرکوز ہو گئی ہیں۔



