ڈی آئی خان: دہشت گردوں کا مسافر بسوں اور کسٹم آفس پر حملہ، ایک اہلکار شہید

ڈی آئی خان (جانوڈاٹ پی کے) ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے دہشت گردوں نے مسافر بسوں اور کسٹم آفس پر بھاری ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں میں افراتفری مچ گئی۔

پولیس کے مطابق خوارج عناصر نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس کے کوئیک رسپانس یونٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پولیس کی فوری اور مؤثر جوابی فائرنگ کے باعث دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہو گئے اور موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس کا ایک جوان شہید ہو گیا جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر وسیع سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ حساس مقامات پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button