عراق پر حملے کے حمایتی سابق امریکی نائب صدر ڈک چینی انتقال کر گئے

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکا کے سابق نائب صدر ڈک چینی 84سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈک چینی جو 2001 سے 2009 تک صدر بش کے دورہ صدارت میں نائب صدر رہے، پیر کی رات نمونیا اور دل کی بیماری کے باعث چل بسے۔
سابق امریکی نائب صد کے اہلِ خانہ نے بیان میں کہا کہ ڈک چینی ایک عظیم اور نیک انسان تھے جنہوں نے اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کو اپنے وطن سے محبت، جرات، عزت، محبت جیسی خوبیاں سکھائیں۔
سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے ڈک چینی کی وفات کو قوم کا نقصان اور دوستوں کے لیے غم کی خبر قرار دیا۔
رپورٹس کے مطابق ڈک چینی نے 1970 کی دہائی میں صدر جیرالڈ فورڈ کے وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دیں، اس کے بعد وہ 10 سال ایوانِ نمائندگان اور 1989 میں وزیرِ دفاع بنے۔
واضح رہے کہ ڈک چینی نے 2003 میں عراق پر حملے کی بھی ابتدائی حمایت کی تھی۔



