ریٹائر افسر کو پنشن جاری نہ کرنے پر ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے وارنٹ جاری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ ہائیکورٹ آئینی بنچ نے عدالتی احکامات کے باوجود ریٹائرڈ افسرکو پنشن جاری نہ کرنے پر ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
سندھ ہائیکورٹ میں ایک ریٹائرڈ افسر کو پینشن جاری نہ کرنے کے کیس میں آئینی بینچ نے سخت اقدام کرتے ہوئے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، وارنٹ ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض قابل ضمانت ہیں۔
وکیل کے مطابق عدالت نے ایڈیشنل ڈائریکٹر میڈیکل سروس ڈاکٹر کریم کو پہلے ہی پنشن جاری کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن ڈی جی سول ایوی ایشن 2022 سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کر رہے تھے۔
سندھ ہائیکورٹ نے واضح کیا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو تعطیلات کے پہلے ہفتے میں عدالت میں پیش ہونا ہوگا اور عدالتی حکم پر فوری عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
عدالت کے اس اقدام سے سول ایوی ایشن میں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے خلاف سخت پیغام بھیجا گیا ہے اور متعلقہ افسران کی ذمہ داری واضح کی گئی ہے۔



