ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان(جانوڈاٹ پی کے) ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے دوران سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ درابن روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ حملے کے فوری بعد پولیس نے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دو حملہ آور مارے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
دوسری جانب بنوں سینٹرل جیل کے مرکزی گیٹ پر بھی دہشت گردوں کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سیکیورٹی اداروں نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔



