فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیردفاع نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے شعبوں کی تلاش پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشیا کے وزیردفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ Sjafrie Sjamsoeddin نے پیر کو جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے شعبوں کی تلاش پر گفتگو ہوئی اور علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک انڈونیشیا دفاعی صنعتی تعاون کی اہمیت اور پاک انڈونیشیا ادارہ جاتی رابطوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تربیتی اشتراک کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔
انڈونیشیا کے وزیردفاع نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے انڈونیشیا کے ساتھ پائیدار دفاعی تعلقات بڑھانے، پاک انڈونیشیا مشترکہ اقدار اور اسٹریٹیجک مفادات پر مبنی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔



