ہماری طالبان رجیم سے کھلی جنگ ہے اب دما دم مست قلندر ھو گا،خواجہ آصف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد توقع کی گئی تھی کہ افغانستان میں امن قائم ہوگا، اور طالبان افغان عوام کے مفادات اور علاقے میں استحکام پر توجہ دیں گے۔ تاہم، طالبان نے افغانستان کو بھارت کی کالونی بنا دیا اور عالمی دہشت گردوں کو اکٹھا کرکے دہشت گردی کو برآمد کرنا شروع کر دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ طالبان نے اپنی عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا اور خواتین سے وہ حقوق چھین لیے جو اسلام دیتا ہے۔ پاکستان نے براہ راست اور دوست ممالک کے ذریعے حالات کو نارمل رکھنے کی بھرپور کوششیں کیں اور فعال سفارت کاری کی، مگر طالبان بھارت کی پراکسی بن گئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پر حالیہ جارحیت کے جواب میں افواج فیصلہ کن کارروائی کر رہی ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں مثبت کردار ادا کیا، 50 لاکھ افغان مہاجرین کی 50 سالہ مہمان نوازی کی اور آج بھی لاکھوں افغان پاکستانی سرزمین پر روزگار کما رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور اب پاکستان اور طالبان کے درمیان کھلی جنگ ہوگی۔ انہوں نے زور دے کر کہا:
"ہم تمہارے ہمسائے ہیں، تمہاری اوقات جانتے ہیں، اللہ اکبر”



