شکارپور: بیوہ خاتون کی لاش گھر سے برآمد، پولیس کی تحقیقات جاری

شکارپور(جانوڈاٹ پی کے)شکارپور کے علاقے لکھیدر تھانہ کی حدود مسکین شاہ محلے میں ایک بیوہ خاتون کی لاش اس کے اپنے گھر سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت 45 سالہ عجیبہ بنت محمد بخش سومرو کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کرائے کے مکان میں اکیلی رہائش پذیر تھیں اور ان کی دو شادیاں ہوچکی تھیں، تاہم دونوں شوہروں سے طلاق ہوچکی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کی لاش دو دن پرانی ہے جبکہ چہرے پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔
واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب اسٹیٹ ایجنسی کے نمائندے نے متعلقہ تھانے کو اطلاع دی کہ مذکورہ مکان کا دروازہ کافی عرصے سے بند ہے اور کرایہ بھی جمع نہیں کروایا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑا تو اندر سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ممکنہ شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کی جائیں گی۔



