ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کامرکزی کنٹرول روم کا دورہ

اوکاڑہ( رپورٹ وحید آرائیں/ جانو ڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کا ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، دونوں ضلعی سربراہان نے سکیورٹی و مانیٹرنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کنٹرول روم کے ذریعے شہر اور اہم مقامات کی مانیٹرنگ، سکیورٹی انتظامات اور دیگر امور سے آگاہ کیا، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم کے ذریعے شہر بھر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطہ برقرار رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ امن عامہ کو برقرار رکھنے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے شہر کی مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے، ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے بھی مؤثر سکیورٹی کے لیے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کنٹرول روم کے ذریعے پولیس کی ٹیموں کے ساتھ رابطہ رکھ کر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی سمیت دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔



