منافع خوروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے،ضلع بھر سے غیرقانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے،ڈی سی ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاویدلطیف میمن/نمائندہ جانو.پی کے)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگٹ کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگير شیخ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ولید ڈاوچ ، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ریجنل منیجر مرف آدم ملک و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اینٹی ریبیز ، انسدادِ تجاوزات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ ضلع بھر کے صحت مراکز میں اینٹی ریبیز کے لیے خصوصی وارڈز قائم کیے جائیں، ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور عوام میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے ڈپٹی کمشنر نے آنے والے ماہِ رمضان کے پیشِ نظر اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی روزانہ کی بنیاد پر سخت نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو نے زوم لنک کے ذریعے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے کنارے تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور تمام غیر قانونی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی تلقین کی۔

 

مزید خبریں

Back to top button