تھرپارکر میں متوقع بارشیں،ڈپٹی کمشنر کا ہنگامی الرٹ،افسروں کی چھٹیاں منسوخ،کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، جو کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ضلعی چیئرمین بھی ہیں، انہوں نے محکمہ موسمیات کی جانب سے متوقع بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر جاری کردہ ایک سرکیولر کے ذریعے ضلع کے تمام سرکاری افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ پیشگی اجازت حاصل کیے بغیر اپنا ہیڈکوارٹر نہ چھوڑیں۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے والے اداروں میں چھٹی کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ جو افسران اور عملہ پہلے سے چھٹیوں پر ہیں ان کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر ہونے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق محکمہ آبپاشی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی، ورکس اینڈ سروسز، میونسپل کمیٹیز/ٹاؤن کمیٹیز، یونین کونسلز، محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک، سول ڈیفنس، سوشل ویلفیئر اور حیسکو سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو اپنی اپنی دفاتر میں کنٹرول روم قائم کرنے اور تمام ضروری اقدامات پیشگی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مزید برآں متعلقہ اداروں کو ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور محکمہ موسمیات کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔



