ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کے ضلع بھر کےدورے

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کا رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ضلع بھر کے مختلف تعلقوں کے روزانہ کی بنیاد پر دوروں کا سلسلہ جاری، روہڑی میں سستے راشن اسٹال اور بازاروں کا دورہ
ڈی سی سکھر نے اسسٹنٹ کمشنر روہڑی غلام مرتضیٰ گھانگھرو اور مختیار کار کے ہمراہ روہڑی میں قائم سستے راشن اسٹال کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی دستیابی، معیار اور مقررہ سرکاری نرخوں کا جائزہ لیا انہوں نے موقع پر موجود عملے سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور خریداری کے لیے آنے والے شہریوں سے بھی براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے قیمتوں اور سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے روہڑی شاہی بازار میں سبزی و فروٹ مارکیٹ، گوشت کی دکانوں اور کریانہ اسٹورز کا بھی دورہ کیا اس دوران انہوں نے دکانداروں سے اشیاء کی قیمتیں معلوم کیں اور سرکاری نرخ ناموں کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مختلف دکانوں پر موجود گاہکوں سے بھی خریدی گئی اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں استفسار کیا تاکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کی تصدیق کی جا سکے
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان کا کہنا تھا کہ ضلع سکھر میں روزانہ کی بنیاد پر دوروں کا مقصد عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی



