ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی صدارت انسداد پولیو مہم کیلئے خصوصی اجلاس

مٹیاری(رپورٹ:امجد راجپوت/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی صدارت میں لطیف ہال، ڈپٹی کمشنر آفس مٹیاری میں ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی (DPEC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آنے والی پولیو مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی مٹیاری راؤ عارف اسلم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مٹیاری اقرا جنت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف حسین شاہ، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد عبد الشکور اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسن ڈاکٹر بابر نے تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس میں پولیو مہم کی موجودہ صورتحال اور آئندہ مہم کے اہداف پیش کیے گئے۔ ڈاکٹر بابر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ موجودہ مہم میں نئے لوکل گورنمنٹ یوزیز، ٹاؤن کمیٹیز اور میونسپل کمیٹیز کے تحت ٹیمیں مقرر کی جائیں گی، جبکہ مہم کا مجموعی ہدف 181,247 ہے، جس میں 3 تعلقہ سپروائزرز، 38 یو سی ایم اوز اور 590 ٹیمیں شامل ہیں۔ ہدف کے حصول کے لیے فیلڈ سطح پر سخت نگرانی کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حساس علاقوں پر خاص توجہ دی جائے اور سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہتر بنائے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عوامی آگاہی مہم کو تیز کیا جائے اور فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ پولیو فری مٹیاری کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button