ڈیپلو اور اسلام کوٹ میں گیس کی دکانوں پر اسسٹنٹ کمشنرز کے چھاپے، 3 دکانیں سیل، جرمانہ عائد

تھرپارکر(میندھرو کاجھروی /جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کے تعلقہ اسلام کوٹ اور ڈیپلو میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی ہدایات پر ایل پی جی گیس کی زائد قیمتوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
اسلام کوٹ میں اسسٹنٹ کمشنر فرحان حسین نے مارکیٹ کا دورہ کر کے گیس کی دکانوں کی جانچ پڑتال کی۔ اس موقع پر انہوں نے 3 دکانیں سیل کرتے ہوئے 13 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ انہوں نے سختی سے ہدایت دی کہ عوام کو گیس مقررہ نرخوں پر فروخت کی جائے، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ادھر ڈیپلو میں اسسٹنٹ کمشنر بھگوان داس نے گیس کی دکانوں کا دورہ کیا اور ہدایت کی کہ کوئی بھی دکاندار غیر قانونی قیمت وصول کرے گا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے مقررہ نرخوں پر ہی عوام کو گیس فراہم کی جائے۔



