خیرپور ناتھن شاہ: میلے میں ڈانس پارٹی کے دوران فائرنگ، نوجوان جاں بحق، ایک شخص شدید زخمی

خیرپورناتھن شاہ(رپورٹ:عابد ببر)میلےمیں ڈانس پارٹی کے دوران فائرنگ، نوجوان جاں بحق، ایک شخص شدید زخمی

خیرپور ناتھن شاہ: شہر میں لگنے والے مقامی میلے کے دوران ڈانس پارٹی میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں من پسند گانے پر ڈانس نہ کرنے پر ہونے والی تلخ کلامی نے دیکھتے ہی دیکھتے سنگین صورت اختیار کر لی۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈانس پارٹی کے دوران ایک شخص کی جانب سے من پسند گانا چلانے اور ڈانس کرنے پر زور دیا گیا، انکار پر دونوں فریقین کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا جو بعد ازاں ہاتھا پائی اور فائرنگ میں بدل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں منٹھار ولد محمد اچار مہر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اسلم ولد محمد حسن مہيسر شدید زخمی ہو گیا۔

واقعے کے فوراً بعد میلہ میدان میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور فائرنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میلے میں سیکیورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button