شام میں ہولناک ٹریفک حادثہ، مسافر اور سکیورٹی بس میں تصادم، 35 افراد جاں بحق، 30 زخمی


دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) شام میں ایک المناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہو گئے، جب ایک مسافر بس اور سکیورٹی فورسز کی گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔
شامی میڈیا کے مطابق شدید تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا اور متعدد افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے۔
ریسکیو حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔