ڈہرکی: شہری کی زرعی زمین سے مبینہ طور پر مٹی چوری، پولیس کارروائی میں تاخیر

ڈہرکی (وجے کمار چاولہ، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) گاؤں حاجی دلاور خان لغاری کے رہائشی آفتاب احمد لغاری نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک بااثر شخص نے ان کی زرعی زمین سے مبینہ طور پر مٹی نکال کر فروخت کر دی، تاہم پولیس کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
آفتاب احمد لغاری کے مطابق یوسف سراج عبداللہ عبدالحق ولد منیر لغاری نے 20 جنوری 2026 کو ان کی زمین سے مبینہ طور پر مٹی نکال کر ماڑی انرجی کمپنی کے ٹھیکیدار کو فروخت کی۔ متاثرہ شہری نے کہا کہ انہوں نے معاملے کی تحریری درخواست ایس ایس پی گھوٹکی کو دی تھی، جسے فارورڈ بھی کیا گیا، مگر اس کے باوجود ابھی تک مقدمہ درج نہیں ہوا اور زمین کو اصل حالت میں بھی بحال نہیں کیا گیا۔
متاثرہ شہری نے پولیس کی کارروائی میں تاخیر کو انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ آفتاب احمد لغاری نے ایس ایس پی گھوٹکی، ڈی آئی جی سکھر اور آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔



