سائبر’’فراڈیئے‘‘اسلام آباد سے فراڈ کی رقم نکلواتے ہی پکڑےگئے،غریبوں کے نام پر اکاؤنٹ کھولا گیا تھا،ذرائع

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)نیشنل سائبرکرائم انوسٹی گیشن ایجنسی  نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کھنہ پل اسلام آباد میں مالی فراڈ میں ملوث8رکنی گروہ گرفتار کرلیا۔ترجمان این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ملزم بیرون ملک (برطانیہ) میں مقیم رشتہ دار یادوست بن کر میڈیکل ایمرجنسی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتے رہے۔ترجمان نے بتایا کہ ملزموں کی جانب سے جعلی شناخت کے ذریعے شہری سے15لاکھ روپے ہتھیانے کا انکشاف ہوا اور رقم مرکزی ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔گرفتار ملزمان میں محمد سلمان، محسن جمیل، نزاکت علی، مہتاب علی، محمد شاہ نواز، ناصر علی، عابد حسین اور فہد جبار شامل ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور پیکا سمیت مختلف دفعات کے تحت کارروائی کی گئی۔ذرائع کے مطابق ملزمان نے سادہ لوح لوگوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوا رکھے تھے،ملزم ان لوگوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوا کر چیک بک اپنے پاس رکھ لیتے تھے،ملزم بہاولپور یزمان کے رہائشی ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان نے بہاولپور اور قریبی علاقوں میں ہی بینک اکاونٹس کھلوا رکھے ہیں، نوسرباز لوٹی گئی رقم نکلوانے کیلئے اسلام آباد آتے تھے،اسی طرح جب ملزم بہاولپور سے رقم نکلوانے اسلام آباد آئے تو وہ پکڑے گئے۔

مزید خبریں

Back to top button