بھارتی نیوز چینلز ہیک، نشریات کے دوران پاکستانی قومی ترانہ چلنے لگا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے دو معروف نیوز چینلز کے مبینہ طور پر ہیک ہونے اور نشریات کے دوران پاکستانی قومی ترانہ نشر کیے جانے کے دعوے سامنے آئے ہیں، تاہم ان اطلاعات کی تاحال کسی سرکاری ادارے یا متعلقہ ٹی وی چینلز کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی نیوز چینلز ٹی وی 9 تیلگو اور فریڈم ٹی وی کنڑ کی نشریات مبینہ طور پر کچھ وقت کے لیے متاثر ہوئیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی صدر کی تقریر کے دوران دونوں چینلز پر مختصر وقت کے لیے پاکستان کا قومی ترانہ نشر کیا گیا۔
🇵🇰 🇮🇳 Pakistani Cyber Warriors Hacked Two Indian Digital Media Channels in Response to the Hacking of Geo TV
🔷️ 1. TV9 Telugu Live
The Indian channel, which has over 14.4 million subscribers and hosts more than 509,000 videos, is among the most popular digital news platforms… https://t.co/DiSSGdhOyS pic.twitter.com/OKUjAR0BfK
— Indus Sentinel Grid (@ISGofficial_) June 30, 2026
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مبینہ ہیکرز کی جانب سے ایک پیغام نشر کیا گیا، جس میں پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کی تنبیہ درج تھی۔
واقعے کے بعد دونوں چینلز کی نشریات متاثر ہونے اور سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز و دعوؤں کے تیزی سے پھیلنے کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم ان ویڈیوز اور دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
رپورٹس کے مطابق ٹی وی 9 تیلگو کے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ (14 ملین) جبکہ فریڈم ٹی وی کنڑ کے ایک ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں۔
سائبر سکیورٹی کے بعض مبصرین کے مطابق اگر یہ واقعہ درست ثابت ہوتا ہے تو اس سے بھارتی میڈیا کے سائبر سکیورٹی نظام پر سوالات اٹھ سکتے ہیں، تاہم واقعے کی نوعیت، ذمہ دار عناصر اور مبینہ ہیکنگ سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ یا حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔



