امریکا کی 250ویں سالگرہ پرٹرمپ کے دستخط شدہ نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا اعلان

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکا نے اپنی دوسو پچاسویں سالگرہ پرنئے کرنسی نوٹ چھاپنے کا منصوبہ بنا لیا، امریکی ڈالروں پر سیکریٹری خزانہ کے علاوہ اب صدر ٹرمپ کے بھی دستخط ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ نے اپنی 250 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی مالیاتی تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی نظامِ معیشت اور اس کی روایات میں یہ ایک ایسی تبدیلی رونما ہونے جا رہی ہے، جو محض ایک دستخط کی تبدیلی نہیں بلکہ ایک صدی سے زائد پرانی مالیاتی تاریخ کا نیا رخ متعین کرتی ہے
امریکی وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ اب امریکی ڈالروں پر سیکریٹری خزانہ کے ساتھ ساتھ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط بھی شامل کیے جائیں گے۔
یہ اقدام 165 سالہ قدیم روایت کو ختم کر دے گا جو 1861 سے رائج تھی، جس کے تحت کاغذی کرنسی پر ہمیشہ ‘یونائیٹڈ اسٹیٹس ٹریژرر’ کے دستخط ہوتے رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی برسرِاقتدار صدر کے دستخطوں کو براہِ راست قومی کرنسی کا حصہ بنایا جا رہا ہے، جسے امریکی مالیاتی شناخت میں ایک بڑی فکری اور انتظامی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
اس تبدیلی کا باقاعدہ آغاز رواں سال جون میں ہوگا، جب صدر ٹرمپ اور وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے دستخطوں والے پہلے 100 ڈالر کے نوٹ چھاپے جائیں گے۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امریکہ کی 250 ویں سالگرہ کو یادگار بنانا ہے۔ مزید برآں، حال ہی میں سونے کے ایک یادگاری سکے کے ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی، جس پر صدر ٹرمپ کی تصویر نقش ہوگی۔



