ٹرمپ کی طاقت کےنشے میں دھمکیاں: کیوبا کے صدر نے امریکا سےبات چیت سے انکارکردیا

کیوبا(جانوڈاٹ پی کے)کیوبا کے صدر میگوئل دیاز کانیل نے امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت سے انکار کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کیوبا کے صدر نے کہا کہ امریکا کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں ہورہی سوائے امیگریشن سے متعلق تکنیکی رابطوں کے۔

کیوبا کے صدر کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیوبا کو معاہدہ کرنے یا اس کی قیمت چکانے کی دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے۔

کیوبا کے صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ امریکی حکومت کے ساتھ مہاجرین کے علاوہ کسی بھی موضوع پر کوئی گفتگو نہیں ہو رہی۔ ان کا یہ ردعمل اس بیان کے بعد آیا جس میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد امریکا اور کیوبا کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

خیال رہے کہ  امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ کیوبا نے کئی برسوں تک بڑی مقدار میں وینزویلا سے ملنے والے تیل اور پیسے پر گزارا کیا اور جواب میں وینزویلا کے دو آمروں کو سکیورٹی سروس مہیا کی لیکن اب وینیزویلا کو دنیا کی سب سے طاقت ور امریکی فوج کا تحفظ حاصل ہے۔

ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کیوبا کے لیے اب کوئی پیسہ یا تیل نہیں جائے گا، کیوبا فوری معاہدہ کرلے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

مزید خبریں

Back to top button