نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانے کیلئے کھیلوں کے میدانوں کا قیام انتہائی ضروری ہے، بلال فاروق تارڑ

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیرآباد شہر میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے وزیرآباد کرکٹ ارینا کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب رکن قومی اسمبلی چوہدری بلال فاروق تارڑ ،چوہدری عنصر محمود سندھو،ایوب قریشی ،عیسی ایوب،ریان ایوب، عدنان شکر گورائیہ ایڈووکیٹ،صاحبزادہ سجاد مسعود چشتی ،نعیم خاور،بشیر سونی ،محمد معاذ ،عدنان چیمہ اور میاں ارسلان احمد و سمیت مقامی سیاسی و سماجی شخصیات، کاروباری افراد کی بڑی تعداد شریک تھی شرکاء نے وزیرآباد کرکٹ ارینا کو علاقہ کے لیے ایک بہترین اضافہ قرار دیا ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی بیرسٹر چودھری بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ کھیل انسانی زندگی میں نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ باقاعدہ کھیلنے سے نہ صرف انسانی جسم مضبوط اور توانا ہوتا ہے بلکہ ذہنی صلاحیتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ کھیل انسان میں برداشت، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرتے ہیں جبکہ ذہنی دباؤ کو کم کرنے اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانے اور صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کھیلوں کے میدانوں کا قیام انتہائی ضروری ہے۔ وزیرآباد کرکٹ ارینا جیسے منصوبے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور قومی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں گے۔



