لندن کے کوونٹ گارڈن میں چاقو حملہ، 8 افراد زخمی، خاتون حملہ آور گرفتار

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی دارالحکومت لندن کے معروف سیاحتی اور تجارتی علاقے کوونٹ گارڈن میں ایک خاتون کے تیز دھار آلے سے حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق چاقو بردار خاتون نے راہگیروں پر پے در پے حملے کیے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایمبولینس سروس اور لندن کی ایئر ایمبولینس نے فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس نے معمولی مزاحمت کے بعد مبینہ حملہ آور خاتون کو گرفتار کر لیا۔

حکام کے مطابق حملے میں 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق زخمی افراد کی عمریں 34، 39، 42 اور 52 سال کے درمیان ہیں، جن میں سے ایک زخمی کو مزید علاج کے لیے بڑے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار خاتون کی عمر 47 سال ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں فی الحال واقعے کے پیچھے دہشت گردی یا منظم حملے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

مزید خبریں

Back to top button