خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 24 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر فوری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 14 خوارج ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر میں ایک اور انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 10 خوارج مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button