گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک میں گھی اور کوکنگ آئل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں عام شہری کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق درجہ اول گھی کی قیمت 598 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کوکنگ آئل 618 روپے فی لٹر کی بلند ترین سطح پر فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح درجہ دوم گھی 540 روپے فی کلو اور آئل 560 روپے فی لٹر میں دستیاب ہے، جبکہ درجہ سوم گھی اور آئل کی قیمت 470 روپے فی کلوگرام ریکارڈ کی گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث گھریلو بجٹ شدید دباؤ کا شکار ہو چکا ہے، جبکہ متوسط اور کم آمدنی والے خاندان بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق عوام حکومت سے فوری ریلیف اور قیمتوں میں استحکام کے اقدامات کی توقع کر رہے ہیں تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کچھ کمی آ سکے۔

مزید خبریں

Back to top button