ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے رورل ہیلتھ سنٹر کیٹی بندر کا اچانک دورہ

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاوید لطیف میمن/نمائندہ جانوڈاٹ کے)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے رورل ہیلتھ سنٹر کیٹی بندر کا اچانک دورہ کرکے وہاں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے او پی ڈی،ادویات کی دستیابی ، صفائی ستھرائی اور عملے کی حاضری کا معائنہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو بہتر ، بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہدایت دی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کیٹی بندر ساجد پہوڑ ،ڈاکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔



