لاڑکانہ چلڈرن اسپتال میں مبینہ غفلت، ساڑھے تین سالہ معصوم بچی جاں بحق، ورثاء کا شدید احتجاج

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ کے سی ایم سی چلڈرن اسپتال میں زیر علاج ساڑھے تین سالہ معصوم بچی دم توڑ گئی، جس کے بعد ورثاء نے اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں پر علاج میں غفلت اور نااہلی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع قمبر شہدادکوٹ کی تحصیل وارہ کے رہائشی ڈاکٹر مرتضیٰ تنیو کی ساڑھے تین سالہ بیٹی علیشاہ کو چھاتی میں تکلیف کے باعث گزشتہ روز لاڑکانہ کے سی ایم سی چلڈرن اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، تاہم دورانِ علاج بچی جانبر نہ ہو سکی۔

واقعے کے بعد ورثاء غم و غصے سے نڈھال ہوگئے، والد اور دیگر اہلِ خانہ نے اسپتال میں احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بچی کی حالت تشویشناک ہونے کے باوجود اسے آئی سی یو میں بیڈ فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی بروقت اور مناسب علاج کیا گیا۔

ورثاء کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غفلت اور ناقص دیکھ بھال کے باعث معصوم بچی کی جان گئی، جس کی مکمل ذمہ داری اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹروں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button