کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کا رات گئے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ، سیکورٹی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے رات گئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور شہر میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے سکیورٹی پر مامور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور مختلف پولیس چوکیوں پر اہلکاروں کے ساتھ وقت گزارا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک اور زرک خان مندوخیل بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔
میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی اہلکاروں کے بلند حوصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے جوان ہر قسم کی دہشت گردی اور امن و امان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے اور صوبے میں امن قائم رکھنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔



