کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر جھیل سیف الملوک جانے پر پابندی، ہزاروں سیاح بحفاظت منتقل

ناران (جانو ڈاٹ پی کے) مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران میں مسلسل تیز بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خدشات کے باعث ضلعی انتظامیہ نے جھیل سیف الملوک جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جھیل سیف الملوک روڈ کا ایک بڑا حصہ برساتی نالے میں بہہ گیا، جس کے باعث جھیل کی جانب جانے والے ہزاروں سیاح وہاں محصور ہو گئے تھے۔

اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رات گئے تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو بحفاظت ناران منتقل کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی ہدایت پر جھیل سیف الملوک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک اور پیدل آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت مکمل ہونے اور موسم کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہی جھیل سیف الملوک کا راستہ دوبارہ سیاحوں کے لیے کھولا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم، شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیشِ نظر بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button