وزیرآباد:صفائی کا نظام ناکام، گلی محلوں اور سکولوں کے باہر گندگی کے ڈھیرکو تین سے چار دن بعد اٹھایا جاتا ہے، شکیل احمد

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ”صاف ستھرا پنجاب وژن کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، پنجاب کے ادارے ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے سلسلے میں شہریوں کو ماہانہ بل بھیجے جا رہے ہیں جو سراسر زیادتی کے مترادف ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 55 روپے اضافہ کر کے مہنگائی کا ایک اور بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے اور دوسری جانب مختلف قسم کے ٹیکس لگا کر عوام کا جینا محال کر دیا گیا ہے جبکہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی خراب ہوتی جا رہی ہے۔انجمن تحفظ حقوق شہریاں کے صدر ملک شکیل احمد نے کہا کہ شہر میں صفائی کا یہ عالم ہے کہ سکولوں کے باہر اور گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگے رہتے ہیں جنہیں تین سے چار دن بعد اٹھایا جاتا ہے۔ اس کے باعث صحت و صفائی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔بکر گلہ اور اسکے ملحق گلی محلوں سمیت مسجد نور عالم کے اطراف میں بھی لگے گندگی کے ڈھیر صاف ستھرا پنجاب کا منہ چڑھا رہے ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف عوام پر ٹیکس لگانے کے بجائے صاف ستھرا پنجاب کا عملی نمونہ بھی پیش کیا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ ذمہ داران کو اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سرانجام دینے کا پابند بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر صفائی اور صحت کی سہولیات میسر آ سکیں۔



