لاہورمیں اینٹی لیٹرنگ فورس متعارف، صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کا آغاز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ستھرا پنجاب اتھارٹی نے اینٹی لیٹرنگ فورس متعارف کرا دی ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اینٹی لیٹرنگ اسکواڈ کے لیے 25 موٹرسائیکلوں پر مشتمل فلیٹ فراہم کیا گیا ہے۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کے مطابق اینٹی لیٹرنگ اسکواڈ کی 12 ٹیموں نے فیلڈ سرویلنس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور شہر کی مختلف مارکیٹوں اور شاہراہوں پر نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر کوڑا پھینکنے والوں کو وارننگ دی جا رہی ہے، تاہم 15 روز بعد باقاعدہ جرمانوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔ کوڑا پھینکنے یا جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی جی کے مطابق دکانوں کے باہر کوڑا رکھنے والے دکانداروں کو بھی پہلے نوٹس جاری کیے جائیں گے اور بعد ازاں جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جرمانے کے باوجود خلاف ورزی جاری رکھنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔



