گھوٹکی: فصل میں مویشیوں کے داخل ہونے کے تنازع پر لولائی اور جاگیرانی برادری کے درمیان خونی تصادم ، 5 افراد جاں بحق

گھوٹکی (رپورٹ: وجے کمار چاولہ) گھوٹکی کے نواحی علاقے میں فصل میں مویشیوں کے داخل ہونے کے تنازع پر لولائی اور جاگیرانی برادری کے درمیان خونی تصادم پیش آیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق، کچو بندی تھانے کی حدود میں واقع کچے کے علاقے میں جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جہاں دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر جدید اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں راحب لولائی، ماکورو لولائی، مہر لولائی، نور محمد اور ہدایت اللہ جاگیرانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر مختلف تھانوں کی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق دونوں فریقین سے ہے۔
پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر سول اسپتال گھوٹکی منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں تاحال کشیدگی برقرار ہے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ دونوں گروہ مورچہ بند ہیں، جس کے باعث مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید نفری طلب کر لی ہے، تاہم آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہو سکا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔



