سول ڈیفنس سرگودھا کے تعلیمی اداروں میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تربیتی سیشنز کا انعقاد

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب، تسنیم علی خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس سرگودھا ریجن، طالب حسین کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سول ڈیفنس سرگودھا کے انسٹرکشنل اسٹاف نے مختلف تعلیمی اداروں میں کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا۔

اس سلسلے میں گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ کالج چک 47 این بی میں تربیتی سیشن منعقد کیا گیا، جہاں کالج کے طلباء اور عملے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت دی گئی۔ اس کے علاوہ، رات کی کلاس میں جوہر ٹاؤن میں گروپ سی کے رضاکاران نے بھی ٹریننگ میں شرکت کی، تاکہ وہ اپنی کمیونٹی میں ناگہانی حالات میں مدد فراہم کر سکیں۔

ٹریننگ کا اہم حصہ بیسک لائف سپورٹ اور سی پی آر دینے کے طریقہ کار پر مشتمل تھا، تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ شرکاء کو ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹنے اور قیمتی جانوں کو بچانے کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔سول ڈیفنس حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹریننگ ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس کا حصول قومی فریضہ ہے۔ "امن کے زمانے میں جو قومیں اچھی تیاری کر لیتی ہیں، کامیابی ان کا مقدر ہوا کرتی ہے، اور قوموں کی تیاری ہی ان کی کامیابی کی ضمانت ہوا کرتی ہے۔”سول ڈیفنس سرگودھا کی جانب سے تمام اہلیان شہر سے اپیل کی گئی ہے کہ:اپنے کاروبار والی جگہوں پر حفاظتی انتظامات ضرور کریں۔

  جملہ اسٹاف کو سول ڈیفنس کی ٹریننگ ضرور کروائیں۔

سول ڈیفنس دفتر کا انسٹرکشنل اسٹاف 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہے اور کوئی بھی شہری بغیر کسی معاوضے کے ٹریننگ کا حصول کر سکتا ہے۔ تاکہ ہر کوئی تربیت کے حصول کے بعد کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہے۔

مزید خبریں

Back to top button