سکھر: اسسٹنٹ کمشنر کا شہر کے مختلف شعبوں کا دورہ، پرائیویٹ سکیورٹی کمپنیوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا معائنہ

سکھر(خصوصی نمائندہ) ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور نے شہر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے سب سے پہلے مختلف پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کے دفاتر کا معائنہ کیا، جہاں سندھ پرائیویٹ سیکیورٹی ایجنسیز (ریگولیشن اینڈ کنٹرول) آرڈیننس 2000 کے تحت جاری کردہ لائسنسوں اور این او سیز کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے ریکارڈ اور دستاویزات میں قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری کریں۔
جس کے بعد بشریٰ منصور نے شکارپور روڈ پر آصف سپر سٹور کا اچانک دورہ کیا جہاں اشیائے خوردونوش کے معیار اور سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد کا معائنہ کیا گیا۔ سٹور میں تمام اشیاء کی سرکاری قیمتیں آویزاں تھیں اور مقررہ قیمتوں پر فروخت جاری تھی جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ سبزی اور پھل فروشوں کے شیلفوں کا بھی معائنہ کیا گیا جہاں پر سرکاری قیمت کی فہرست موجود تھی۔
بعد ازاں بشریٰ منصور نے کیٹل کالونی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں مقامی یونین کے اراکین نے انہیں صفائی، پینے کے پانی، نکاسی آب، لائٹنگ اور سیکیورٹی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ شہریوں اور تاجروں کے لیے بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور موجودہ مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس طرح کے دورے عوام کو ریلیف فراہم کرنے، قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے جاری رکھیں گے۔



